سورہ یسین کی فضیلت – (Surah Yaseen)

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میری تمنا ہے کہ یہ سورہ یعنی سورہ یسین میرے ہر امتی کے دل میں ہو۔ (تفسیر ابن کثیر)

حضرت معقل بن یسار رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ خدا کی رضامندی کے لیے جو شخص سورہ یسین پڑھے گا۔ اس کے پہلے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔ لہذا اس سورۃ کو مرنے والوں کے پاس پڑھا کرو۔ (بیہقی، شب الایمان)

ان احادیث سے معلوم ہوا کہ سورہ یسین پڑھنے سے دین و دنیا دونوں میں ہر قسم کی بھلائی حاصل ہوتی ہے۔ خاص کر کے مرنے والوں کے قریب اس سورہ کی تلاوت کی جائے تو ان پر نزع کی مشکلات آسان ہوتی ہیں۔

اگر کوئی شخص اس سورہ کو بعد نماز فجر ایک مرتبہ روزانہ پڑھنے کا معمول بنا لے تو وہ بہت جلد لوگوں میں ہر دل عزیز ہو جائے گا۔ اس کی عزت میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔ مال میں برکت ہو گی۔ ہر قسم کی برائی ختم ہو کر طبیعت میں اچھائی کا رنگ پیدا ہو گا۔ شیاطین اور بلاؤں سے محفوظ رہے گا، بیماریوں سے شفاء ملے گی۔

اگر اولاد کی خواہش کرے گا تو نیک اولاد ملے گی. اگر کوئی قید میں اسے کثرت سے پڑھے تو قید سے رہائی ملے گی۔ غرض یہ کہ سورۃ یسین کو پڑھنے کے بعد جو خواہش دل میں لائے گا۔ پروردگار اسے اپنی رحمت سے پورا فرمائے گا۔

Scroll to Top