ماہ شعبان کی فضیلت

شعبان کا مہینہ بڑی عظمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ جس کی فضیلت ہمیں قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح ملتی ہے۔ جیسا کہ حدیث پاک میں بیان ہوا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا رجب اللہ تعالی کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ اس مہینے کے چاند کے ساتھ جڑا ایک انتہائی مجرب وظیفہ آج ہم آپ دوستوں کی خدمت میں پیش کرنے جا رہے ہیں جو کہ دولت مند اور امیر بننے کا بہت ہی مجرب وظیفہ ہے اور یہ عمل حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا بتایا ہوا خاص عمل ہے۔

شعبان کا یہ مہینہ کس قدر برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارے پیارے آقا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ماہ رمضان کا استقبال رجب اور شعبان کے مہینے سے کیا کرتے۔ اور ماہ رمضان کے لیے رجب اور شعبان کے مہینوں کا چاند اہتمام کے ساتھ دیکھا کرتے۔

شعبان کا چاند دیکھنے کی دعا

اس بارے میں سیدنا انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رجب کا چاند دیکھتے تو آپ یہ دعا فرماتے

اَللّٰهُمَّ ‌بَارِكْ ‌لَنَا فِيْ رَجَبَ وَشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَا شَهْرَ رَمَضَانَ

اے اللہ! رجب اور شعبان کے مہینوں کو ہمارے لیے باعث برکت بنا دے اور رمضان کا مہینہ عطا فرما دے

یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے محبوب اور ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کے طفیل رجب اور شعبان کے مہینوں کے ساتھ بہت سی خیروں کو جوڑا ہے۔ رمضان کے مہینے کے ساتھ ساتھ ان مہینوں میں بھی اللہ کی خاص رحمتیں اور برکتیں انسانوں پر اترتی ہیں۔ جس کی وجہ سے اللہ تعالی اپنے بندوں کے گناہوں کو معاف فرما دیتے ہیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خود رمضان کے لیے شعبان کا چاند دیکھنے اور شعبان کی تاریخیں معلوم کرنے کا اہتمام فرماتے تھے

اس بارے میں ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دوسرے مہینوں کی نسبت شعبان کی زیادہ حفاظت کرتے یعنی شعبان کی تاریخیں معلوم کرنے اور انہیں یاد رکھنے کا اہتمام فرماتے تھے۔

نیز سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو بھی ماہ شعبان کا چاند دیکھنے، شعبان کی تاریخیں معلوم کرنے اور انہیں یاد رکھنے کا اہتمام کرنے کی ہدایت فرمایا کرتے تھے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہدایت فرمائی کہ رمضان کے لیے شعبان کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا کرو۔

اس حدیث کا مکمل مفہوم اور وضاحت یہ ہے کہ شعبان کا چاند اہتمام کے ساتھ دیکھنے کے بعد شعبان کی تاریخوں کو شمار کیا جائے۔ ایک ایک دن گنا جائے۔ جب شعبان کی انتیس تاریخ ہو تو رمضان کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جائے ۔ نبی رحمت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے شعبان کا چاند دیکھنے کا اہتمام کرنے اور اس کی تاریخیں معلوم کرنے کی ہدایت اس لیے فرمایا تاکہ رمضان کے مہینے کے آغاز کا صحیح فیصلہ کرنے میں کسی قسم کی دقت اور مشکل پیش نہ آئے۔

احادیث سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ ماہ رمضان سے گہرے روحانی تعلق کی بنا پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر رمضان کی آمد سے پہلے ہی شعبان کے مہینے میں ایک خاص کیفیت طاری ہو جاتی تھی۔ اسی لیے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم بھی شعبان کے مہینے کی قدر کریں اور اس مہینے میں اللہ تعالی سے خوب دعائیں مانگیں، گناہوں کی معافی مانگے اور اسی مہینے میں رمضان کی تیاریاں شروع کریں۔

Scroll to Top